Print Sermon

اِس ویب سائٹ کا مقصد ساری دُنیا میں، خصوصی طور پر تیسری دُنیا میں جہاں پر علم الہٰیات کی سیمنریاں یا بائبل سکول اگر کوئی ہیں تو چند ایک ہی ہیں وہاں پر مشنریوں اور پادری صاحبان کے لیے مفت میں واعظوں کے مسوّدے اور واعظوں کی ویڈیوز فراہم کرنا ہے۔

واعظوں کے یہ مسوّدے اور ویڈیوز اب تقریباً 1,500,000 کمپیوٹرز پر 221 سے زائد ممالک میں ہر ماہ www.sermonsfortheworld.com پر دیکھے جاتے ہیں۔ سینکڑوں دوسرے لوگ یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھتے ہیں، لیکن وہ جلد ہی یو ٹیوب چھوڑ دیتے ہیں اور ہماری ویب سائٹ پر آ جاتے ہیں کیونکہ ہر واعظ اُنہیں یوٹیوب کو چھوڑ کر ہماری ویب سائٹ کی جانب آنے کی راہ دکھاتا ہے۔ یوٹیوب لوگوں کو ہماری ویب سائٹ پر لے کر آتی ہے۔ ہر ماہ تقریباً 120,000 کمپیوٹروں پر لوگوں کو 46 زبانوں میں واعظوں کے مسوّدے پیش کیے جاتے ہیں۔ واعظوں کے مسوّدے حق اشاعت نہیں رکھتے تاکہ مبلغین اِنہیں ہماری اجازت کے بغیر اِستعمال کر سکیں۔ مہربانی سے یہاں پر یہ جاننے کے لیے کلِک کیجیے کہ آپ کیسے ساری دُنیا میں خوشخبری کے اِس عظیم کام کو پھیلانے میں ہماری مدد ماہانہ چندہ دینے سے کر سکتے ہیں۔

جب کبھی بھی آپ ڈاکٹر ہائیمرز کو لکھیں ہمیشہ اُنہیں بتائیں آپ کسی مُلک میں رہتے ہیں، ورنہ وہ آپ کو جواب نہیں دے سکتے۔ ڈاکٹر ہائیمرز کا ای۔میل ایڈریس rlhymersjr@sbcglobal.net ہے۔

لُدّیہ کی تبدیلی

THE CONVERSION OF LYDIA

ڈاکٹر آر۔ ایل۔ ہیمرز کی جانب سے
.by Dr. R. L. Hymers, Jr

لاس اینجلز کی بپتسمہ دینے والی عبادت گاہ میں تبلیغی واعظ
20 نومبر، 2011 ، صبح، خُداوند کے دِن
A sermon preached at the Baptist Tabernacle of Los Angeles,
Lord’s Day Morning, November 20, 2011

’’ہماری باتیں سُننے والی عورتوں میں لُدیہ نام کی ایک عورت تھی، وہ تھیوا تیرہ شہر کی تھی، اور قِرمزی رنگ والے کپڑے کا کاروبار کرتی تھی اور بڑی خُدا پرست تھی: خُدا نے اُسے توفیق دی کہ وہ کُشادہ دلی کے ساتھ پوُلوس کا پیغام سُنے اور اُسے قبول کرے‘‘ (اعمال 16:14).

بائبل کئی طرح سے کسی دوسری قدیم کتاب سے مختلف ہے۔ ایک بات کی وجہ سے، تمام بائبل میں خواتین مرکزی ہستیاں رہی ہیں۔ حوّا، سارہ، ربیقہ، راخل، لیّہ، روت، اَیسٹر اور دوسری بہت سی خواتین کے بارے میں پرانے عہد نامے کے صفحات میں بتایا گیا ہے۔ پرانے عہد نامے کی دو کتابیں – روت اور اَیسٹر خواتین کے ناموں پر ہیں۔ نئے عہد نامے میں بھی خواتین نے اہم کردار ادا کیا۔ بار بار ہم مسیح کے ساتھ اُس کی منادی میں خواتین سے وابستہ باتوں کے بارے میں پڑھتے ہیں – یسوع کی ماں مریم، مریم مگدلینی، مارتھا اور مریم، خاتون جو زنا کاری میں پکڑی گئی، خاتون جیسے شیطان نے کُبڑا کر دیا تھا، خُون کے ایک مسئلے کے ساتھ خاتون، کنویں پر ایک خاتون، وہ خاتون جس نے یسوع کے قدموں کو چوما تھا – اور بے شمار دوسری خواتین۔ یہ خواتین ہی تھیں جو قبر پر سب پہلےگئی تھیں اور پایا تھا کہ یسوع مُردوں میں سے جی اُٹھا تھا۔ پُولوس رسول نے پرسِکّلہ نامی ایک خاتون کا پانچ مرتبہ ذکر کیا ہے، جو ہمیشہ اپنے خاوند اکِولہ کے ساتھ ہوتی تھی، اور ہمیشہ خُداوند کے لیے اُن کی منادی کے بارے میں فکرمند رہتی تھی۔ پرسِکلہ کا ذکر ہمیشہ اُس کے شوہر سے پہلے کیا گیا ہے، جو کہ پہلی صدی میں بہت غیر معمولی بات تھی۔ لیکن بائبل میں – ایسا ہی ہے!

چونکہ بائبل میں خواتین اس قدر نمایاں ہیں اس لیے یہ ہمیں حیران نہیں ہونا چاہیے کہ یہ خاتون لُدّیہ پہلی مذہب تبدیل کرنے والی یورپی خاتون کے طور پر ریکارڈ میں ہے ۔ اُن کی تبدیلی کے متعلق جو کچھ بائبل ہمیں بتاتی ہے ہر اُس آدمی کے لیے بھی لاگو ہو سکتا ہے جو مسیحی بنتا ہے۔

1۔ اوّل، اُس کی تبدیلی میں پروردگاری کا عمل۔

ڈاکٹر ہنری سی. تھیئسن Dr. Henry C. Thiessen کے مطابق، خُداوند کی پروردگاری کا مطلب ہے، ’’خُداوند کی وہ مسلسل سرگرمی جس کے تحت وہ تمام واقعات تشکیل دیتا ہے [جو دُنیا میں وقوع پزیر ہوتے ہیں] جو اُس کے مقاصد کی تکمیل کرتے ہیں‘‘(ہنری سی. تھیئسن، پی ایچ. ڈی.، ڈی.ڈی.، درجہ بہ درجہ علم الہٰیات پر تعارفی لیکچرز Introductory Lectures in Systematic Theology، عیئرڈمینز پبلیشنگ کمپنی، 1949کا شمارہ، صفحہ 177). کلامِ پاک میں سے پروردگاری پر ایک اور عظیم حوالہ رومیوں 8:28 ہے،

’’اور ہم جانتے ہیں کہ جو لوگ خُدا سے محبت رکھتے ہیں اور اُس کے ارادے کے مطابق بُلائے گئے ہیں، خُدا ہر حالت میں اُن کی بھلائی چاہتا ہے‘‘ (رومیوں 8:28).

غُور کریں کہ لُدّیہ کی زندگی میں خُداوند کی پروردگاری نے کس طرح کام کیا۔ ایشیا کے رُومی صُوبے جانے سے پُولوس رسول کو روح القّدوس نے روکا تھا (اعمال 16:6). وہ بیت عنیاہ جانے ہی والا تھا لیکن، دوبارہ، خُداوند کی روح نے اُسے روکا (اعمال 16:7). پھر رات کو رؤیا میں خُداوند نے پُولوس کو دکھایا، وہ اُسے یونان کے شہر مکدُنیہ میں بُلا رہا ہے (اعمال 16:9).

پُولوس کی اُس رؤیا کے بعد ہم لوگ فوراً مکدُنیہ جانے کے لیے تیار ہوگئے، کیونکہ ہم نے یہ نتیجہ نکالا کہ خُدا نے ہمیں وہاں کے لوگوں میں منادی کرنے کے لیے بُلایا ہے‘‘ (اعمال 16:10).

’’سبت کے دِن ہم شہر کے پھاٹک سے نکل کر دریا پر پہنچے، کیونکہ ہمیں اُمید تھی کہ وہاں پر ضرور کوئی دُعّا کرنے کی جگہ ہوگی؛ ہم وہاں جا کر بیٹھ گئے، اور کچھ عورتیں جو وہاں جمع ہو گئی تھیں، اُن سے کلام کرنے لگے۔ ہماری باتیں سُننے والی عورتوں میں لُدّیہ نام کی ایک عورت تھی، وہ تھیوا تیرہ شہر کی تھی اور قِرمزی رنگ والے کپڑے کا کاروبار کرتی تھی اور بڑی خُدا پرست تھی: خُدا نے اُسے توفیق دی کہ وہ کُشادہ دلی کے ساتھ پُولوس کا پیغام سُنےاور اُسے قبول کرے‘‘ (اعمال 16:13۔14).

لُدّیہ کا تعلق مکِدُنیہ سے نہیں تھا۔ وہ ایشیا کے شہر تھیوا تیرہ سے تھی۔ وہ ایشیا سے مسافت طے کر کے آئی تھی، مکِدُنیہ کے دور دراز شہر فلپّی سے، جہاں پُولوس ہوتا تھا، خُداوند کی پروردگاری سے لُدّیہ وہاں پُولوس کے پہنچنے سے پہلے گئی۔ یہ وہیں ہوا تھا، اُس عجیب سرزمین پر، کہ اُس نے خوشخبری سُنی اور مذہبی طور پر تبدیل ہوئی۔ خُدا نے اِس سب کا بندوبست کیا تھا اور یہ اُس کی پروردگاری سے ہوا۔

آپ پر یہ کس طرح لاگو ہوتا ہے؟ میں چاہتا ہوں کہ یہاں پر موجود ہر وہ شخص جو مذہبی طور پر تبدیل ہوا ہے اِس بارے میں سوچے کہ وہ پہلی دفعہ اِس گرجہ گھر میں کیسے آیا۔ تقریباً ہر کوئی جو ہماری جماعت کا رُکن ہے وہ یہیں ہمارے گرجہ گھر میں تبدیل ہوا۔ ڈاکٹر کیگن Dr. Cagan اور مسڑ کُنز Mr. Kunz اِس سے مثتثنیٰ واحد ہستیاں ہیں جنہیں میں جانتا ہوں۔ میں یہ چاہتا ہوں کہ آپ اِس بارے میں سوچیں کہ آپ یہاں پہلی مرتبہ کیسے آئے۔ جو کُچھ ہوا خُداوند کی پروردگاری سے ہوا۔ آپ حادثاتی طور پر یہاں نہیں آئے۔ آپ خُدا کی پروردگاری سے یہاں آئے۔ آپ خوشخبری سُننے کے لیے کھینچے چلے آئیں اور بچائے جائیں اس لیے خُدا نے اپنا مقصد آپ کی زندگی میں کام آنے کے لیے پیدا کیا۔ آپ میں سے کوئی بھی یہاں غیر متوقع طور پر نہیں آیا۔

آپ میں سے کتنے لوگ آئے کیونکہ کسی نے آپ کو ایک کیمپس میں یا کسی اور جگہ مدعو کیا؟ مہربانی سے کھڑے ہو جایئے۔ وہ آپ کی پروردگاری کا لمحہ تھا! اگر آپ گرجہ گھر میں پیدا ہوتے تو وہ بھی خُدا کی پروردگاری سے تھا۔ ہم میں سے ہر کوئی اُس کی پروردگاری سے یہاں ہے۔ خُدا نے بندوبست کیا کہ آپ یہاں ہوں۔ اسی لیے آج صبح آپ یہاں ہیں۔ اسی طرح، ہم لُدّیہ کی تبدیلی میں پروردگاری کا کام دیکھ چُکے ہیں۔

2۔ دوئم، خُود لُدّیہ کا اپنی تبدیلی میں عمل۔

تلاوتِ کلامِ پاک کہتی ہے،

’’ہماری باتیں سُننے والی عورتوں میں لُدّیہ نام کی ایک عورت تھی، وہ تھیوا تیرہ شہر کی تھی اور قِرمزی رنگ والے کپڑے کا کاروبار کرتی تھی اور بڑی خُدا پرست تھی. . . ‘‘ (اعمال 16:14).

لُدّیہ ایک غیر قوم تھی جو یہودیت میں تبدیل ہوئی۔ وہ دریا کے کنارے پر کُچھ دوسری یہودی خواتین کے ساتھ دُعا کر رہی تھی۔ لگتا تھا اُن کے پاس کوئی عبادت گاہ نہیں تھی، اس لیے وہ سبت کے روز دُعا کرنے کے لیے دریا کے کنارے اِس جگہ پر گئیں۔ پُولوس اور اُس کے ساتھی آئے اور خواتین کے اس گروہ کو خُوشخبری سُنائی۔ اور کلامِ پاک کہتا ہے کہ لُدّیہ نے ’’ہمیں سُنا۔‘‘

کُچھ غیر تبدیل شدہ لوگ کہتےہیں، ’’ایسا کچھ نہیں ہے جو میں کر سکوں کہ بچایا جاؤں۔‘‘ لیکن آپ غلط ہیں۔ آپ ہمیں سُن سکتے ہیں! آپ ہمیں سُننے کا فیصلہ کر سکتے ہیں، جیسا کہ لُدّیہ نے پُولوس اور لوقا کو سُننے کا فیصلہ کیا۔ بے شک آپ اپنے آپ کو بچا نہیں سکتے، یا اپنا دل کھول نہیں سکتے، لیکن آپ اتنا تو کر سکتے ہیں جو لُدّیہ نے کیا۔ آپ ہر ہفتے خُدا کے لوگوں کے ساتھ مل کر اکٹھے ہو سکتے ہیں اور ہمیں سُن سکتے ہیں!

برسبیلِ تزکرہ، کُچھ ایسے لوگ بھی ہیں جو ہر ہفتے آتے ہیں اور آپ کی کُرسی پر بیٹھتے ہیں، اور ظاہر کرتے ہیں کہ وہ سُن رہے ہیں، لیکن آپ کا ذہن کہیں دور کسی اور چیز کے بارے میں سوچ رہا ہوتا ہے۔ آپ ہمیں سُن نہیں رہے ہوتے! مسیح نے کہا،

’’تنگ دروازے سے داخل ہونے کی پوری کوشش کرو. . . ‘‘
       (لوقا13:24).

یونانی زبان میں ’’کوشش‘‘ لفظ کے ترجمے کا مطلب ’’جِدوجُہد ‘‘ ہے۔ تبدیل ہونے کے لیے ضروری ہے کہ آپ تبلیغ کی باتوں کو پوری توجہ کے ساتھ سُننے کی لگن اور جِدوجُہد کریں۔ آپ کہہ سکتے ہیں، ’’میں واعظ بعد میں پڑھوں گا۔‘‘ اس سے شاید آپ کو کچھ فائدہ ہو جائے۔ لیکن یہ تبلیغ سننے سے ہوتا ہے کہ زیادہ تر لوگ بچائے جاتے ہیں۔ بائبل کہتی ہے،

’’جس کا ذکر تک اُنہوں نے نہیں سُنااُس پر ایمان کیسے لائیں؟ اور جب تک کوئی اُنہیں خوشخبری نہ سنائے وہ کیسے سُنیں گے؟‘‘ (رومیوں10:14).

تبلیغی واعظوں کو سُننے کی جدوجہد اور کوشش کریں۔ یہ فضل کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے جس کی وجہ سے کوشش کرتے ہوئے گہنگار تبدیل ہوتے ہیں۔ لُدّیہ نے بہت غور سے سُنا تھا۔ اُس کی تبدیلی میں یہ اُس کا حصّہ تھا۔

3۔ سوئم، اُس کی تبدیلی میں پُولوس کا کام۔

کلامِ پاک کہتا ہے کہ، ’’اُس نے پُولوس کی کہی ہوئی باتوں کو غور سے سُنا‘‘ (اعمال16:14). یونانی زبانی میں ’’دھیان دینے‘‘ کا مطلب (انتہائی) ’’توجہ مرکوز کرنا‘‘ ہے۔ اُس نے توجہ دی تھی ’’اُن باتوں پر جو پُولوس [سے] نے کہی تھیں۔‘‘لُدّیہ کی تبدیلی میں پُولوس کا کردار اُس کو خوشخبری سُنانا تھا۔ اُس نے کیا خوشخبری سنائی؟ کیوں، مسیح کی خُوشخبری، بے شک! اِس حوالے کی آیت 10 میں لوقا، داستان نگار، کہتا ہے، ’’ خُدا نے ہمیں وہاں کے لوگوں میں منادی[تبلیغ] کرنے کے لیے بُلایا ہے‘‘ (اعمال16:10). پُولوس نے بے شمار موضوعات پر گفتگو کی تھی، لیکن اُس کا سب سے اہم موضوع ہمیشہ سے مسیح کی خوشخبری دینا رہا تھا۔ 1 کرنتھیوں میں پُولوس نے کہا،

’’اب اَے بھائیو! میں تمہیں وہ خوشخبری یاد دلانا چاہتا ہوں جو میں پہلے تمہیں دے چکا ہُوں ، جسے تم نے قبول کر لیا تھا اور جس پر تم مضبوطی سے قائم ہو اُسی کے وسیلہ تم نجات بھی پاتے ہو۔ شرط یہی ہے کہ تم اس خوشخبری کو یاد رکھو جو میں نے تمہیں دی تھی ورنہ تمہارا ایمان لانا بے فائدہ ہے۔کیونکہ ایک بڑی اہم بات جو مجھ تک پہنچی اور میں نے تمہیں سنائی یہ ہے کہ کتابِ مقدّس کے مطابق مسیح ہمارے گناہوں کے لیے قُربان ہُوا، دفن ہُوا اور کتابِ مقدّس کے مطابق تیسرے دن زندہ ہو گیا‘‘ (1۔ کرنتھیوں 15:1۔4).

ایک اور مقام پر پُولوس نے کہا، ’’ہم اُس مسیح مصلوُب کی منادی کرتے ہیں‘‘(1۔ کرنتھیوں1:23). درحقیقت، پُولُوس نے ایک دفعہ کہا، ’’کیونکہ میں نے فیصلہ کیا ہُوا تھا کہ جب تک تمہارے درمیان رہوں گا مسیح یعنی مسیحِ مصلوُب کی منادی کے سوا کسی اور بات پر زور نہ دُوں گا‘‘(1۔ کرنتھیوں2:2).

ہائے، کس قدر میری خواہش ہے کہ ہمارے منادی کرنے والے مخصوص موضوع کی طرف واپس لوٹ آئیں ، اور مسیح کی متبادل موت اور جسمانی طور پر مُردوں میں سے جی اٹھنے پر مکمل واعظوں کی تبلیغ کریں۔ بلاشک و شبہ جس بات کی عظیم رسول نے لُدّیہ کو منادی سنائی وہ مسیح کامصلوب ہونا اور مُردوں میں سے دوبارہ جی اٹھنا ہی تھا ۔ کھوئے ہوئے لوگ ’’خوشحال انجیل‘‘ کہلائی جانے والی سے یا دوسرے موضوعات پر جو ’’کیسے‘‘ کا حل پیش کرتے ہیں اور جس کے بارے میں اب بہت سے لوگ منادی کرتے رہتے ہیں نہیں بچائے جاتے۔ اور مسیحیوں کو نشانہ بنا کر واعظ کے اختتام پر مختصراً انجیل کا ذکر کر دینے سے محض کام نہیں چلتا۔ گنہگاروں کو مسیح کی انجیل پر تمام واعظ سُننے کی اشد ضرورت ہے۔ ’’لیکن مسیحیوں کے بارے میں کیا خیال ہے؟’’ کوئی شاید کہہ سکتا ہے۔ اُنہیں اِتوار کی صبح انجیل سُن لینے دو۔ جس طرح سے اُس پرانے گیت میں لکھا ہے، ’’مجھے وہ کہانی سُنانی پسند ہے، اُن کے لیے جو یہ بات دوسروں کی طرح جانتےہیں کہ سُننے کے لیے بے تاب اور بیقرار نظر آنا ضروری ہے۔‘‘ اگر مسیحی زیادہ سُننا چاہتے ہیں، تو اُنہیں شام کی عبادت میں آنے دیں تاکہ وہ تمام واعظ سُنیں جو زیادہ تر اُنہی کےلیے ہوتے ہیں۔ اور اگر آپ شام کی عبادت نہیں کرتے ہیں تو پھر آپ کو شرم آنی چاہیے! آپ بھی اُسی راستے پر چل چُکے ہیں جس پر آزاد خیال لوگ چل رہے ہیں! شام کی عبادت شروع کریں، بےشک اگر شروع میں صرف تھوڑے سے لوگ ہی کیوں نہ آئیں۔ ضروری ہے کہ ہم ویسے ہی منادی کریں جیسے پُولوس نے کی تھی ۔ پُولوس کے بارے میں یہ بات سپرجیئن، مبلغین کے شہزادے نے کہی تھی،

اُس کے پاس صرف ایک ہی موضوع تھا، اور وہ تھا مسیح. . . وہ مسیح جو ابھی تک بچانے کے قابل ہے؛ وہ مسیح جس نے صلیب پر خُون بہایا، لوگوں کو خُدا کے پاس لانے کے لیے، اور اُس کے اپنے خُون میں دُھلنےکے لیے؛ مسیح جو آسمانوں میں ہے، گنہگاروں کے لیے مصالحت کروا رہا ہے. . . پُولوس اپنی بات یہ کہے بغیر ختم نہیں کر سکتا تھا، ’’اُس پر بھروسہ کرو: اُس پر بھروسہ کرو۔ وہ جو اُس پر ایمان لاتا ہے ہمیشہ کی زندگی پاتا ہے‘‘ (سی.ایچ.سپرجیئن، ’’لُدّیہ، مذہب تبدیل کرنے والے پہلی یورپین Lydia, the First European Convert،‘‘ دی میٹروپولیٹن عبادت گاہ کی واعظ گاہ سے The Metropolitan Tabernacle Pulpit، پِلگرِم اشاعت خانہ، دوبارہ اشاعت 1973، جلد 37، صفحہ 488).

یہی ہے جو آپ کو سُننے کی ضرورت ہے – مسیح آپ کی جگہ، آپ کو خُدا کے غصّے سے بچانے کے لیے ، اور آپ کے گناہوں کو اپنے قیمتی خُون سے دھونے کے لیے مرا۔ آپ کو زندگی دینے کے لیے وہ جسمانی طور پر مردوں میں سے زندہ ہوا۔ اب وہ آسمان میں خُدا کے داھنے ہاتھ پر ہے۔ مسیح کے پاس آئیں! اپنے گناہ کو یسوع کے خُون سے صاف سُتھرا دھولیں! یہی ہے جو پُولوس نے لُدّیہ کو خوشخبری سُنائی تھی، اور یہی ہے جو آج صبح میں آپ کو خوشخبری سُنا رہا ہوں! پُولوس رسول نے کہا، ’’خُدا نہ کرے کہ میں کسی چیز پر فخر کروں سِوا اپنے خداوند یسوع مسیح کی صلیب کے‘‘ (غلاطیوں 6:14). ہمارے مرکزی موضوع کو ہمیشہ مسیح کی صلیب ہونا چاہیے! مسیح ہمارے گناہوں کا کفارہ ادا کرنے کے لیے ہماری جگہ مرا۔ مسیح کے پاس ایسے ہی آئیں جیسے لُدّیہ آئی تھی جب پُولوس نے اُس کو خوشخبری کی منادی سُنائی تھی! یہ پُولوس کا اُس [لُدّیہ] کی تبدیلی میں کردار تھا۔ اُس نے اُسے بتایا تھا کہ خُداوند یسوع مسیح کے پاس آؤ۔

4۔ چہارم، اُس کی تبدیلی میں خُدا کا کام۔

ہمارے کلامِ پاک نے لُدّیہ کے لیے کہا، ’’ خُدا نے اُسے توفیق دی کہ وہ کُشادہ دلی کے ساتھ پوُلوس کا پیغام سُنے اور اُسے قبول کرے‘‘ (اعمال 16:14). لُدّیہ اور پُولوس دونوں اکٹھے خُدا کی پروردگاری سے لائے گئے تھے۔ لُدّیہ نے پُولوس کی مُنادی کو بہت مشاقی اور دلچسپی سے سُنا تھا۔ پُولوس نے مسیح کی خُوشخبری کی منادی سُنائی تھی۔ لیکن اب ہم دیکھتے ہیں کہ اُسے خُود خُدا نے توفیق دی تھی کہ اُس کا دل کُشادہ ہو گیا۔

خُدا نے لُدّیہ کے دل کو توفیق دی کہ وہ کُشادہ ہوگیا لہٰذا اُس نے خُوشخبری کو سمجھا۔ میں مسلسل حیرت زدہ ہوتا ہوں کہ بہت سے لوگ خوشخبری کے بارے میں سادہ ترین حقائق کو بھی سمجھنے سے قاصر ہوتے ہیں۔ اُن کے اس اندھےپن کے بارے میں کوئی نہ کوئی اندھیری اور شیطانی بات ہوگی۔ خُود پُولوس نے کہا کہ یہ سچ تھا،

اگر ہماری خوشخبری اب بھی پوشیدہ ہے تو صرف ہلاک ہونے والوں کےلیے پوشیدہ ہے۔ کیونکہ اِس جہاں کے خُدا نے اُن بے اعتقادوں کی عقل کو اندھا کردیا ہے اس لیے وہ خُدا کی صورت یعنی کہ مسیح کے جلال کی خُوشخبری کی روشنی کو دیکھنے سے محروم ہیں‘‘
        (2۔ کرنتھیوں 4:3۔4).

شیطان ’’اس جہاں کا خُدا ہے۔‘‘ اُس نے ہمارے ذہن اندھے کر دیے ہیں۔ پھر بھی کوئی نیا شخص آ جاتا ہے اور بہت جلد سمجھ جاتا ہے کہ یسوع اُس کے گناہوں کے لیے مرا – اور فوراً بیدار ہو جاتا ہے۔ ہم صرف یہی کہہ سکتے ہیں، ’’یہ خُداوند نے کیا؛ اور یہ ہماری نظر میں عجیب ہے‘‘ (زبور 118:23). پُولوس نے کہا،

’’اس لیے کہ وہ خُدا جس نے فرمایا کہ ’تاریکی میں سے نور چمکے‘، وہی ہمارے دلوں میں چمکا تاکہ ہم پہچان سکیں کہ جو نور مسیح کے چہرے سے جلوہ گر ہے وہ خُدا کے جلال کا نور ہے‘‘
       (2۔کرنتھیوں 4:6).

لیکن صرف خُوشخبری کو سمجھنے سے بھی زیادہ، لُدّیہ کا دل خُود مسیح کے لیے کُشادہ ہوا تھا۔ اُس نے ضرور سوچا ہوگا، ’’اب جب کہ میں سمجھ چُکی ہوں کہ مسیح میرے گناہوں کے لیے مرا، اپنا خُون میرے گناہوں کو دھونے کے لیے بہایا، میں اُس کے پاس آؤں گی۔ مجھے مسیح چاہیئے اور وہ مجھے ابھی چاہیئے۔‘‘ اور یہی وہ لمحہ تھا جب وہ یسوع کے پاس آئی اور بچائی گئ۔ میں دُعا کرتا ہوں کہ آج صبح یہاں کوئی سادہ ایمان میں یسوع کے پاس آئے۔ ’’وہ آپ کو بچائے گا، وہ آپ کو بچائے گا، وہ ابھی آپ کو بچائے گا!’’ آمین۔ مہربانی سے کھڑے ہوجایئے اور حمد نمبر چار گائیے۔

گناہ سے دبا ہوا ہر فرد، آئے، خُدا کے ساتھ رحم ہے،
   اور اُس کے کلام پر بھروسہ کرنے سے وہ یقیناً آپ کو سکون دے گا۔
صرف اُس پر بھروسہ کرو، صرف اُس پر بھروسہ کرو، ابھی صرف اُس پر بھروسہ کرو،
   وہ آپ کو بچائے گا، وہ آپ کو بچائے گا، وہ ابھی آپ کو بچائے گا۔

کیونکہ یسوع نے عطا کرنے کے لیے بکثرت برکات دیں، اپنا بیش قیمت خُون بہایا؛
   سُرخی مائل سیلاب میں اب ڈوب جاؤ جو برف کی مانند سفید دھو ڈالتا ہے۔
صرف اُس پر بھروسہ کرو، صرف اُس پر بھروسہ کرو، ابھی صرف اُس پر بھروسہ کرو،
   وہ آپ کو بچائے گا، وہ آپ کو بچائے گا، وہ ابھی آپ کو بچائے گا۔

جی ہاں، یسوع ہی راہ اور حق ہے، جو آپ کو سکون پہنچاتا ہے:
   بغیر تاخیر کے اُس پر ایمان لاؤ، اور آپ مکمل طور پر برکات سے نوازے جاؤ۔
صرف اُس پر بھروسہ کرو، صرف اُس پر بھروسہ کرو، ابھی صرف اُس پر بھروسہ کرو،
   وہ آپ کو بچائے گا، وہ آپ کو بچائے گا، وہ ابھی آپ کو بچائے گا۔
(’’صرف اُسی پر بھروسہ کرو Only Trust Him ‘‘ شاعر جان ایچ. سٹاکٹن John H. Stockton، 1813۔1877).

(واعظ کا اختتام)
آپ انٹر نیٹ پر ہر ہفتے ڈاکٹر ہیمرز کے واعظwww.realconversion.com پر پڑھ سکتے ہیں
۔ "مسودہ واعظ Sermon Manuscripts " پر کلک کیجیے۔

You may email Dr. Hymers at rlhymersjr@sbcglobal.net, (Click Here) – or you may
write to him at P.O. Box 15308, Los Angeles, CA 90015. Or phone him at (818)352-0452.

واعظ سے پہلے دُعّا کی تھی ڈاکٹر کرہیٹن ایل۔ چَینDr. Kreighton L. Chan ۔ اعمال 16:6۔15 .
واعظ سے پہلے اکیلے گیت گایا تھا مسٹر بنجامن کینکیڈ گریفتھ: Mr. Benjamin Kincaid Griffith
’’ہائے، کیسا ایک فوارہ!‘‘ (شاعر ڈاکٹر جان آر. رائیس، 1895۔1980).

لُبِ لُباب

لُدّیہ کی تبدیلی

THE CONVERSION OF LYDIA

ڈاکٹر آر۔ ایل۔ ہیمرز کی جانب سے
.by Dr. R. L. Hymers, Jr

’’ہماری باتیں سُننے والی عورتوں میں لُدیہ نام کی ایک عورت تھی، وہ تھیوا تیرہ شہر کی تھی، اور قِرمزی رنگ والے کپڑے کا کاروبار کرتی تھی اور بڑی خُدا پرست تھی: خُدا نے اُسے توفیق دی کہ وہ کُشادہ دلی کے ساتھ پوُلوس کا پیغام سُنے اور اُسے قبول کرے‘‘ (اعمال 16:14).

1۔ اوّل، اُس کی تبدیلی میں پروردگاری کا عمل، رومیوں 8:28؛
اعمال 16:6، 7، 9، 10، 13۔14 .

2۔ دوئم، خُود لُدّیہ کا اپنی تبدیلی میں عمل، لوقا 13:24؛
رومیوں 10:14 .

3۔ سوئم، اُس کی تبدیلی میں پُولوس کا کام، اعمال 16:10؛
1۔ کرنتھیوں 15:1۔4؛ 1:23؛ 2:2؛ غلاطیوں 6:14۔

4۔ چہارم، اُس کی تبدیلی میں خُدا کا کام، 2۔ کرنتھیوں 4:3۔4؛
زبور 118:23؛ 2۔ کرنتھیوں 4:6 .